دنیا بھر میں لاکھوں افراد اردن کے ولی عہد شہزادہ الحسین بن عبداللہ الثانی اور ان کی منگیتر رجوۃ آل سیف کی شادی کی شاہی تقریب کے منتظر ہیں۔ اس دوران سوشل میڈیا کے عرب صارفین نے ’ الحسین کی شادی منائیں گے‘ ہیش ٹیگ جاری کر دیا ہے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق شادی کی تقریب کا وقت جوں جوں قریب آ رہا ہے ویسے ہی اردنی ولی عہد کی سعودی منگیتر کے بارے میں سوالات کا سلسلہ بھی بڑھتا جا رہا ہے۔
اردن کے ایوان شاہی نے 17 اگست 2022 کو اردنی فرمانروا شاہ عبداللہ ثانی کے بڑے بیٹے الحسین کی رجوۃ سے منگنی کی اطلاع دی گئی تھی۔ ریاض میں آل سیف کی حویلی میں منگنی کی تقریب منعقد ہوئی۔
تقریب میں اردن کے فرمانروا کے علاوہ شہزادہ حسن بن طلال، شہزادہ ھاشم بن عبداللہ الثانی، شہزادہ علی
حسین، شہزادہ ہاشم بن الحسین، شہزادہ غازی بن محمد، شہزادہ راشد بن الحسن اور آل سیف خاندان کی اہم شخصیات شریک ہوئی تھیں۔
رجوۃ بنت خالد بن مساعد بن سیف بن عبدالعزیزآل سیف 28 اپریل 1994 کو ریاض میں پیدا ہوئی تھیں۔
رجوۃ نےثانوی کی تعلیم سعودی عرب میں حاصل کی۔ اعلی تعلیم نیویارک کی سیراکیوز یونیورسٹی کی فیکلٹی آف انجینیئرنگ میں مکمل کی۔
شادی کے بعد رجوۃ کواردنی ولی عہد کی بیگم بن جانے پر شہزادی کا لقب مل جائے گا اور اپنی خوش دامن کی طرح وہ بھی شاہی خاندان کے تمام پروگراموں میں بھرپور طریقے سے حصہ لینے لگیں گی۔
اردن کے ایوان شاہی نے نکاح کی تاریخ اور مقام کے بارے میں معلومات جاری کردی ہیں جس میں بتایا گیا ہے کہ رجوۃ خالد آل سیف سے شہزادہ الحسین کا نکاح یکم جون 2023 کو عمان کے زھران محل میں ہوگا۔