پاکستان میں موبائل انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا کی بحالی کے بعد اب بھی صارفین کو ٹوئٹر استعمال کرنے میں مشکل پیش آ رہی ہے۔ٹوئٹر صارفین کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا کی بحالی کے بعد ٹوئٹر اب بھی کام نہیں کر رہا۔
جمعے کی شام کو پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے ملک میں موبائل انٹرنیٹ سروس کو بحال کر دیا تھا۔اس کے علاوہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز یوٹیوب، فیس بک اور ٹوئٹر کو بھی بحال کر دیا گیا تھا تاہم ٹوئٹر اس وقت بھی جزوی بحال تھا اور صارفین کی شکایات سامنے آئی تھیں۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی سلمان صوفی نے کہا تھا کہ ملک میں انٹرنیٹ سروس مکمل بحال ہو گئی ہے تاہم اگر کسی کو مشکل پیش آ رہی ہے تو پی ٹی اے کو رپورٹ کریں۔موبائل انٹرنیٹ کی بندش سے پاکستان میں آن لائن کاروبار بھی متاثر ہوا۔
تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال میں براڈ بینڈ اور موبائل فون انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا سائٹس تو بند کی گئیں تاہم لینڈ لائن انٹرنیٹ محدود رفتار سے چلتا رہا۔
صارفین لینڈ لائن انٹرنیٹ سے سوشل میڈیا سائٹس تک رسائی کے لیے ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورک (وی پی این) کا سہارا لے رہے تھے۔