کینیڈا میں چند روز قبل ہم ایوارڈز کا انعقاد کیا گیا۔ یہ تقریب انعقاد سے پہلے تو تنازعات کا شکار ہوئی ہی تھی تاہم اب تقریب کے دوران ریکارڈ کیا گیا ایک ویڈیو کلپ بھی منظر عام پر آیا ہے جو سوشل میڈیا صارفین کو کچھ خاص پسند نہیں آیا۔
سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ہم ایوارڈز 2022 کی ایک ویڈیو شیئر کی گئی جس میں کامیڈین احمد علی بٹ اور احمد علی اکبر نے آسکر ایوارڈز کی تقریب کے دوران ول سمتھ کے کرس راک کو تھپڑ مارنے کے واقعے کو ’اپنے انداز میں‘ پیش کیا۔
C-R-I-N-G-E Awards pic.twitter.com/7tUUdPLDKL
— omar r quraishi (@omar_quraishi) September 27, 2022
مارچ میں منعقد ہونے والی آسکر 2022 کی تقریب کے دوران ہالی وڈ اداکار ول سمتھ نے مبینہ طور پر اپنی اہلیہ کے متعلق کیے گئے مذاق پر کامیڈین کرس راک کو تھپڑ مار دیا تھا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی نے رپورٹ کیا تھا کہ تقریب کے دوران کرس راک نے ول سمتھ کی اہلیہ جیڈا پنکٹ سمتھ کے بالوں کے انداز کا فلم ’جی آئی جین‘ میں ڈیمی مور کے انداز سے موازنہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ ایک سیکوئل کی طرح ہے۔ اس بات پر ول سمتھ برہم ہو گئے اور انہوں نے سٹیج پر آ کر کرس راک کو تھپڑ مار دیا۔
ہم ایوارڈز کی تقریب میں احمد علی بٹ نے ڈراما سیریل پری زاد میں جاندار اداکاری کے لیے بہترین اداکار کا ایوارڈ حاصل کرنے والے احمد علی اکبر کو کہا، ’احمد علی اکبر، پری زاد، میں نے تمہیں کہا تھا، یاد ہے، بہت پہلے کہا تھا، ہٹ ہونے کے لیے منہ کالا کروانا پڑتا ہے۔ وہ بھی ایک نہیں، دو نہیں بلکہ پوری سات ہیروئنز کے ساتھ منہ کالا کروایا۔‘
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اس کے بعد احمد علی اکبر سیٹ سے اٹھ کر آگے آئے اور احمد علی بٹ کے چہرے پر (بناوٹی انداز میں) تھپڑ مارا اور ول سمتھ کے انداز میں کہا: ’مجھے اپنے مذاق سے باہر رکھیں۔‘
کئی سوشل میڈیا صارفین نے اس ویڈیو کے لیے ناپسندیدگی کا اظہار کیا ہے۔
حمزہ شیخ نامی انسٹاگرام صارف نے لکھا: ’سستے لوگ، سستی شہرت۔‘
ایک اور انسٹا صارف نے لکھا کہ ’او میرے خدا! یہ تو بہت ہی گھٹیا ہے۔‘
رباب نامی انسٹاگرام صارف نے تحریر کیا: ’سب کاپی کر لو۔ کچھ نیا نہ کرنا۔‘
حفضہ نے تحریر کیا: ’بٹ نے بہت ہی گھٹیا کامیڈی کی ہے۔‘
ایک اور انسٹا صارف نے استفسار کیا: ’کیا یہ منصوبہ بندی کے تحت تھا؟‘
بنت محسن نے لکھا: ’جب آپ ایمازون کھولیں اور غلطی سے دراز پہ کلک کر دیں۔‘
قبل ازیں سوشل میڈیا صارفین نے ملک میں بدترین سیلاب کے دوران انٹرٹینمنٹ انڈسٹری سے وابستہ افراد کو ایوارڈ شو کے لیے کینیڈا جانے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا جس پر کئی شخصیات کی جانب سے وضاحتی بیان بھی دیے گئے تھے۔