رپورٹس کے مطابق جین کیرول نے نیویارک میں جیوری کے سامنے پیش ہوکر بیان دیا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے انہیں ڈیپارٹمنٹل اسٹور کے ڈریسنگ روم میں زیادتی کا نشانہ بنایا تھا اور جب انہوں نے حقیقت لوگوں کو بتائی تو ٹرمپ نے جھوٹ بول کر ان کی زندگی تباہ کر ڈالی۔
نیویار ک کی جیوری نے ڈونلڈ ٹرمپ کو جین کیرول سے جنسی بدسلوکی اور شہرت کو نقصان پہنچانے کا مرتکب قرار دیا تاہم واضح کیا گیا ہے کہ ٹرمپ نے جنسی زیادتی نہیں کی تھی۔
جیوری نے حکم دیا کہ سابق صدر ٹرمپ جین کیرول کو50 لاکھ ڈالر ہرجانہ دیں۔ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مقدمے کو انتقامی کارروائی قرار دیتے ہوئے کہاکہ وہ اس خاتون کو جانتے تک نہیں۔ رپورٹس کے مطابق سول مقدمہ ہونے کے باعث سابق صدرکو فرد جرم یا جرمانے کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی درجن بھر سے زائد خواتین ٹرمپ پر جنسی زیادتی کے الزامات لگاچکی ہیں۔رواں سال 31مارچ کو جیوری نے 2016 کی انتخابی مہم کے دوران فحش فلموں کی اداکارہ اسٹارمی ڈینیئلز کو معاملات چھپانے کے لئے رقوم کی ادائیگی کے کیس میں ڈونلڈ ٹرمپ پر فرد جرم بھی عائد کی تھی۔
بعدازاں گزشتہ ماہ نیویارک کے علاقے مین ہیٹن کی عدالت میں پیشی کے دوران پولیس نے ٹرمپ کو گرفتار کے ڈسٹرکٹ اٹارنی کے روبرو پیش کیاتھا۔ سابق صدر نے جج کے سامنے صحت جرم سے انکار کیا تھا، اس مقدمے میں بھی سابق صدر کو قید و جرمانہ بھگتنا پڑسکتا ہے۔