پاکستان کے معروف اداکار، دانشور، ڈرامہ نویس اور پروفیسر شعیب ہاشمی طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے۔
شعیب ہاشمی کے بیٹے عدیل ہاشمی کی جانب سے والد کے انتقال کی تصدیق کی گئی ہے۔
شعیب ہاشمی کی اہلیہ سلیمہ ہاشمی کے مطابق ان کے شوہر گزشتہ 15 برس سے فالج کے مرض میں مبتلا بستر تک محدود تھے، وہ بول سکتے تھے اور نہ خود سے چل پھرسکتے تھے۔
انہوں نے گورنمنٹ کالج لاہور سے ماسٹر آف آرٹس، لندن اسکول آف اکنامکس سے معاشیات اور لندن سے تھیٹر کی ڈگری بھی حاصل کر رکھی تھی۔
وہ کئی برس گورنمنٹ کالج لاہور میں درس و تدریس سے منسلک رہے، پاکستان میں ٹیلی ویژن کے ابتدائی دور میں شعیب ہاشمی کے پروگرام زبردست مقبول ہوئے، انہوں نے معروف ڈرامے لکھے اور ان میں اداکاری بھی کی ، ان کے معروف ڈراموں میں اکڑبکڑ، سچ گپ، ٹال مٹول شامل ہیں۔
شعیب ہاشمی نے 1990 میں نجی اخبارمیں ٹال مٹول کے نام سے کالم نگاری بھی کی، انہیں 1995میں حکومت پاکستان کی جانب سے تمغہ حسن کارکردگی اورتمغہ امتیازسے نوازا گیا۔
شعیب ہاشمی کی شادی پاکستان کے نامور شاعر فیض احمد فیض کی بیٹی سلیمہ ہاشمی سے ہوئی، ان کے دو بچے عدیل ہاشمی اور میرا ہاشمی ہیں۔