مشہور اداکار، صداکار و ہدایت کار ضیا محی الدین انتقال کر گئے۔ان کی نماز جنازہ کراچی میں ادا کی جائے گی.ان کی عمر 91 برس تھی۔ان کی نماز جنازہ آج ظہر کی نماز کے بعد ڈیفنس فیز فور میں ادا کی جائے گی۔
ضیا محی الدین 20 جون 1931 کو پنجاب کے شہر فیصل آباد (لائلپور) میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد خادم محی الدین تدریس کے شعبے سے منسلک تھے اور انہوں نے پاکستان کی پہلی فلم ’تیری یاد‘ کی کہانی اور ڈائیلاگ انہوں نے لکھے تھے۔ضیا محی الدین کچھ عرصے سے علیل تھے اور کراچی کے ایک ہسپتال میں زیرعلاج تھے۔
ضیا محی الدین نے 1949 میں گورنمنٹ کالج لاہور سے گریجویشن کیا جبکہ اس کے بعد آسٹریلیا اور انگلینڈ میں بھی تعلیم حاصل کرتے رہے۔ وہ رائل اکیڈمی آف تھیٹر آرٹس سے بھی وابستہ رہے اور ڈائریکشن کی تربیت بھی حاصل کی جبکہ اداکاری اور صداکاری کی طرف بھی آئے۔سنہ 1960 میں ای ایم کے ناول ’پیسیج ٹو انڈیا‘ پر سٹیج ڈرامہ بنا تو اس میں ضیا محی الدین نے ڈاکٹر عزیز کا کردار ادا کیا تھا جبکہ اس کے بعد مشہور فلم ’لارنس آف عریبیہ‘ میں بھی کام کیا۔وہ سٹیج سے جڑے رہے اور لاتعداد ڈراموں کے علاوہ چند ہالی وڈ فلموں میں بھی کام کیا۔
سنہ1970 میں جب وہ پاکستان واپس آئے تو پاکستان ٹیلی ویژن پر ’ضیا محی الدین شو‘ کے نام سے سٹیج پروگرام شروع کیا جو بہت مقبول ہوا۔
انہوں نے ایک پاکستانی فلم ’مجرم کون‘ میں بھی کام کیا تھا۔