میریکل سالٹ ورکس کلیکٹو نے جمعہ کو واشنگٹن میں ایک ملاقات میں پاکستان کے سفیر مسعود خان کو اپنی دلچسپی سے آگاہ کرتے ہوئے سرمایہ کاری کے منصوبوں کا اشتراک کیا۔
سفارت خانے کے ایک عہدیدار نے صحافیوں کو بتایا کہ کمپنی کان کنی سے لے کر اسے امریکا میں لانے تک تمام تر عمل میں سرمایہ کاری کرنے کے لیے تیار ہے۔
کمپنی فزیبلٹی اور ریزرو رپورٹس بھی تیار کرے گی اور کان کنی کے طریقہ کار اور عمل کو اپ گریڈ کرے گی، اس منصوبے میں کان کنی کے مقام پر عالمی معیار کی پروسیسنگ اور پیکیجنگ کی سہولت کی تعمیر اور مقامی آبادی کی تعمیر و ترقی کا پروگرام شامل ہے۔
پاکستان میں گلابی نمک کے بڑے ذخائر ہیں جن کی سالانہ آمدنی 12 ارب ڈالر ہے، سفارت خانے کی ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ملک کے پاس تقریباً 22.22 ارب ٹن قدرتی وسائل موجود ہیں، جو زیادہ تر کالا باغ، ورچہ، کھیوڑہ اور بہادر خیل کے سالٹ رینج کے علاقوں میں مرکوز ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ نمک کی کانیں ملک میں بڑے پیمانے پر اقتصادی سرگرمیوں کو شروع کرنے کی بے پناہ صلاحیت رکھتی ہیں۔
نئی پالیسی نجی شعبے کو موجودہ صلاحیت سے فائدہ اٹھانے میں اہم کردار ادا کرنے کی ترغیب دے گی۔
کمپنی کے حکام نے کہا کہ وہ پاکستان منرل ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے ساتھ ایک مشترکہ منصوبہ شروع کر رہے ہیں اور 2030 تک ایک کروڑ ٹن تصدیق شدہ نمک نکالنے کے لیے مارکیٹ میں آگاہی پیدا کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔