سابقہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ہمیشہ خبروں کی زینت بنتے رہے ہیں، بحثیت امریکی صدر انکا چار سالہ دور بھی بریکنگ نیوز سے بھر پور رہا، اب جب وہ اگلے سال صدارتی الیکشن کیلیے تیاری کر رہے ہیں تو ان پر پورن سٹار سٹارمی ڈینیلز کو پیسے دینے کے الزام میں فرد جرم عائد ہونے جا رہی ہے، اور ذرائع کا کہنا ہے کے بروز منگل انکو گرفتار بھی کیا جا سکتا ہے
سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر 2016 کے صدارتی انتخابات سے قبل ایک پورن سٹار کو مبینہ طور پر خاموش رہنے کے لیے رقم ادا کرنے کے مقدمے میں فردِ جرم عائد کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
فردِ جرم کی تفصیلات ابھی جاری نہیں کی گئیں ہیں۔
سابق صدر پر الزام ہے کہ افیئر کے متعلق سٹورمی ڈینیئلز نامی پورن سٹار کی خاموشی خریدنے کی کوشش میں مبینہ طور پر ان کے وکیل نے انتخابات سے ایک ماہ قبل انھیں ایک لاکھ 30 ہزار ڈالر ادا کیے۔
ڈینیئلز نے دعویٰ کیا تھا کہ دونوں نے ہوٹل کے کمرے میں سیکس کیا تھا، ٹرمپ اس کی ’سختی سے تردید‘ کرتے ہیں۔
مارچ 2018 میں نشر ہونے والے ایک ٹی وی انٹرویو میں ڈینیئلز نے بتایا تھا کہ انھیں اس افیئر کے بارے میں بات نہ کرنے کی دھمکی دی گئی تھی۔
ایک گرینڈ جیوری نے سابق صدر پر ان الزامات کی تحقیقات کے بعد ان پر فرد جرم عائد کرنے کے حق میں ووٹ دیا ہے۔
ان کی وکیل سوسن نیکلس نے جمعرات کی شام ایک بیان میں فرد جرم کی تصدیق کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ’ٹرمپ نے کوئی جرم نہیں کیا، انھیں سیاسی طور پر نشانہ بنایا جا رہا ہے اور ہم عدالت میں بھرپور طریقے سے اس کا مقابلہ کریں گے۔‘
یاد رہے ٹرمپ الزامات کا سامنا کرنے والے پہلے سابق امریکی صدر ہیں۔
سابق صدر فلوریڈا میں رہائش پذیر ہیں اور توقع ہے کہ وہ اپنی باقاعدہ گرفتاری اور عدالت میں پہلی سماعت کے لیے نیویارک شہر جائیں گے۔
ادھر سابق پورن سٹار سٹورمی ڈینیئلز نے ٹوئٹر پر مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ ’آپ سب کی حمایت اور محبت کا شکریہ۔‘
انھوں نے لکھا کہ ’مجھے اتنے پیغامات موصول ہو رہے ہیں کہ میں سب کا جواب نہیں دے سکتی۔‘
ان کے مطابق لوگ ان سے آٹوگراف کی درخواست بھی کر رہے ہیں۔