پاکستان سے عازمین حج کی پہلی پرواز مدینہ پہنچ گئی ہے جہاں سعودی حکام سمیت پاکستان حج مشن کے حکام نے ان کا استقبال کیا۔
پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کی پہلی خصوصی حج پرواز پی کے 773 کراچی سے اتوار کی صبح چار بج کر 50 منٹ پر 316 عازمین کو لے کر روانہ ہوئی تھی۔
مدینہ منورہ ایئر پورٹ پر سعودی وزارت حج و عمرہ کے حکام کے علاوہ پاکستان حج مشن کے حکام نے بھی عازمین کا خیر مقدم کیا اور خصوصی بسوں کے ذریعے ہوٹلوں میں منتقل کیا۔
جبکہ دوسری حج پرواز سیرین ایئر ای آر 2921 لاہور سے اتوار کی صبح پانچ بجے 279 حجاج کو لے کر روانہ ہوئی تھی۔
کراچی ایئرپورٹ کے ڈیپارچر لاؤنج میں موجودہ اور سابق ڈائریکٹر حج کراچی سول ایویشن اور دیگر حکام نے عازمین حج کو رخصت کیا۔
جبکہ لاہور ایئر پورٹ پر منعقد ہونے والی افتتاحی تقریب میں وزیراعظم کے اعزازی کوآرڈینیٹر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی علامہ شبیر احمد عثمانی نے بھی شرکت کی۔
سول ایوی ایشن کے مطابق حج پروازوں کے لیے مختص ڈومیسٹک ڈیپارچر لاؤنج میں تمام ضروری انتظامات کیے گئے تھے۔
رواں سال کراچی ایئر پورٹ سے 46 ہزار 249 حجاج حجاز مقدس جائیں گے جبکہ گزشتہ سال کراچی سے 24 ہزار 998 حجاج کرام سعودی عرب کے لیے روانہ ہوئے تھے۔
وزارتِ مذہبی امور کی جانب سے جاری سرکاری سکیم کی حج پروازوں کے شیڈول کے مطابق سیالکوٹ سے پہلی پرواز 22 مئی، ملتان 23 مئی اور کوئٹہ سے 24 مئی کو روانہ ہو گی۔
رحیم یار خان سے پہلی حج پرواز 6 جون جبکہ سکھر سے 7 جون کو روانہ ہو گی جبکہ آخری حج پروازیں 20 جون کو روانہ ہو جائیں گی۔
وزارت مذہبی امور نے عازمینِ حج کو شیڈول کے مطابق حاجی کیمپ آنے کا کہا ہے جہاں وہ ویکسین لگوانے کے علاوہ ضروری ادویات کی پیکنگ کروا سکتے ہیں۔
ترجمان کے مطابق تمام متعلقہ معلومات ویب سائٹ اور ایس ایم ایس کے ذریعے عازمین حج کے ساتھ شیئر کی جا رہی ہیں۔
پرواز سے 24 گھنٹے قبل پاسپورٹ، ٹکٹ، ویزہ، شناختی لاکٹ وغیرہ حاجی کیمپوں سے فراہم کیے جائیں گے۔
وزارت کے اشتراک سے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے حاجی کیمپوں میں مفت کورونا ویکسین کاونٹر قائم کیے ہوئے ہیں۔